شہر میں کسی بھی قسم کی کھدائی پر30ستمبرتک پابندی عائد 

Jun 15, 2021

لاہور(سٹی رپورٹر) کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے شہر میں کسی بھی قسم کی کھدائی پر پابندی عائد کردی ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ مون سون میں بارشوں کے پیش نظر یکم جولائی تا 30 ستمبر تک شہر میں کھدائی پر پابندی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصہ میں کھدائی کیلئے حاصل کئے گئے تمام این اوسیز بھی معطل رہیں گے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ بارشوں کے موسم میں حادثات سے قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچانا اولین ترجیح ہے۔ کمشنر لاہور نے بلدیہ عظمی لاہور کو مون سون میں کھدائیوں پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔علاوہ ازیں کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ یکم جولائی تا 30ستمبر مون سون ہے۔بارش و سیلاب سے نمٹنے کیلئے پلان ترتیب دیں۔ کمشنر لاہورنے کہا کہ بارش میں کھمبوں سے بجلی لگنے وبارشی تالابوں میں بچوں کے جانی نقصان کو بچانے کیلئے ٹھوس پلاننگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہروں کی سبزی منڈیوں میں مشینری دستیاب رکھیں، بارش سے کچرا نہ پھیلے۔

مزیدخبریں