لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور دیگر اہل خانہ کے خلاف کیس کی سماعت 8جولائی تک ملتوی کر دی۔ گذشتہ روز عدالت میں حمزہ شہباز نے حاضری مکمل کرائی جبکہ شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن میں مصروف ہیں جسکی بناء پر شہباز شریف عدالت کے روبرو پیش نہیں ہو سکتے لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ آج کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔ عدالت نے شہبازشریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ احتساب عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے کیس پر سماعت کی۔ ٹرائل کورٹ کے جج کی ٹرانسفر کے باعث سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو دوبارہ بیان قلمبند کرانے کے لیے طلب کر لیا۔ فاضل عدالت میں دیگر ملزمان کی حاضری مکمل کرائی گئی۔ کیس کے واحد گواہ عثمان انور کے مزید جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع ہو گئی۔ نیب ریفرنس کے مطابق شریف فیملی سمیت دیگر پر 7 ارب 32 کروڑ سے زائد کی منی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام عائد ہے۔
شہبازشریف‘ حمزہ‘ دیگر اہلخانہ کیخلاف ریفرنس کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی
Jun 15, 2021