عالمی ادارے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھانے سے روکیں،عبدالحمید لون 

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) تحریک فکر واعتقاد جموں وکشمیر،تحریک خودارادیت انٹرنیشنل اور جموں وکشمیر فورم فرانس نے مشترکہ طورپر بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنما عبدالحمید لون کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ سوپور میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے تین بے گناہ شہریوں کے قتل کے خلاف کیاگیا۔مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کرکے بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم ڈھانے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔عبدالحمید لون نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک پائیدارامن قائم نہیں کیا جاسکتا جب تک تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔ مظاہرین سے دیگر لوگوں کے علاوہ راجا نجابت حسین، بشارت کھوکھر، اوبیس قریشی، خولہ خان، بشیر خان اور عبدالرشید شاہ نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن