غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کے کیس ایف آئی اے کو بجھوانے کا فیصلہ

اسلام آباد (وقائع نگار/خبر نگار)سی ڈی اے انتظامیہ کا غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے کیسزز ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا فیصلہ، چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اسلام آباد اور اسکے گردونواح میں غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹیز کے خلاف کاروائی کے حوالے سے اجلاس ہوا ، اجلاس میں ان غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹیز کو کام سے روکنے اور سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے سے بچانے کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے جانے کے حوالے سے غور کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز جو غیر قانونی طور پر سی ڈی اے اور اسلام آباد کا نام استعمال کر رہی ہیں ان کے کیسزز فوری طور پر ایف آئی اے کو بھجوائے جائیں گے اس حوالے سے ابتدائی طور پر تین نجی ہاسنگ سوسائٹیوں کے کیسزز ایف آئی اے کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،اجلاس میں ڈی سی اسلام آباد ، سی ایم او ایم سی آئی، سی ڈی اے کے شعبہ پلاننگ اور بلڈنگ کنٹرول کے افسران نے شرکت کی۔دریں اثناء چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی نے نوائے وقت سے بات کرتے ہوئے بتایا کے اندرون اور بیرون ملک سے بے شمار شکایات آتی ہیں کے ہائوسنگ سوسائٹیز والے ان سے فراڈ کرکے بھاگ جاتے ہیں اور دیار غیر میں محنت کرکے روزی کمانے والوں کی جمع پونجی ضائع ہوجاتی ہے اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کے کسی کو بھی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی،اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے انتظامیہ کو ہدایات دی گئی ہیں کہ جو بھی قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرے گا اسکو مکمل سہولت فراہم کی جائے گی اور جو لوگ غیر قانونی ہائوسنگ منصوبے بنارہے ہیں ان کے خلاف فوری اور بروقت کارروائی کی جائے گی،چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی نے نوائے وقت کو بتایا کے عوام کی آگاہی کے لئے ٹی وی چینلز اور اخبارات میں باقاعدہ آگاہی مہم چلائی جائے گی،اور تمام قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کے نام نقشہ اور پلاٹس نمبر سب سی ڈی اے کی ویب سائیڈ پر ڈسپلے کردیئے گئے ہیں تاکہ کوی اگر ملک سے باہر بھی ہے تو وہ سی ڈی اے کی ویب سائیڈ سے کنفرمیشن کے بعد پراپرٹی خریدے۔

ای پیپر دی نیشن