حکومت کورونا میں انتظامی معاملات کو مس ہینڈل کر رہی ہے:پاسبان

کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت کورونا میں انتظامی معاملات کو مس ہینڈل کر رہی ہے۔ آن لائن سسٹم کو کامیاب بنانے کے لئے کوئی حکمت عملی مرتب نہیں کی گئی ۔  آن لائن کلاسز سسٹم انٹر کی حد تک بالکل بے اٹر ہے۔ اس لیول پر طلبہ کوتعلیم اور تربیت دونوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ آن لائن امتحان کا سسٹم ناقص ہے۔ حکومت نے چیک اور بیلنس کا کوئی نظام وضع نہیں کیا ہے۔ بچے نہ صحیح معنوں میں کلاس لے رہے ہیں اور نہ ڈھنگ سے امتحانات دے پا رہے ہیں۔  پاکستان میں دو قومیں بستی ہیں ایک امیر اور ایک غریب، غریب کا نہ صرف استحصال ہو رہا ہے بلکہ انہیں معذور بنایا جا رہا ہے۔ حکومت سرکاری سطح پر آن لائن پروفیشنل کورسز کرائے اور سرٹیفیکیشن پروگرام شروع کرے تاکہ ہمارے نالج ورکرز کی مانگ میں اضافہ ہو۔ انٹر تک فزیکل کلاسز لازمی ہونی چاہئیں۔ حکومت میں صلاحیت ہے تو اسکولوں کو تفصیلی ایس او پیزجاری کرے۔ بچوں کو ویکسین پہلے لگائی جائے اور اسکولوں میں اس کے انتظامات کئے جائیں۔ احساس پروگرام کے لئے مختص بجٹ تعلیم کے شعبے میں استعمال کیا جائے ۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میںاسکولوں اور کالجوں کی بندش اور آن لائن کلاسز پر گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ حکومت تعلیمی بجٹ میں مسلسل کٹوتی کیے جارہی ہے اور مختص کیا گیا بجٹ بھی پورا نہیں دیا جارہا ہے۔جس کی بنا پر اسکالر شپ پروگرامز بند ہوگئے ہیں۔ لاک ڈائون اور کورونا ضابطوں کا نہ صرف تعلیمی اداروں پرمنفی اثر پڑا وہیں بچوں کی تعلیمی صلاحیتوں میں بھی واضح کمی واقع ہوئی۔ کورونا وائرس کے باعث طلبہ کو کافی مشکلات کا سامناہے ۔ کوویڈ کے باعث تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے اور ٓان لائن کلاسز شروع کی گئیں۔ کئی علاقوں کے طلبہ انٹرنیٹ سروس نا ہونے یا خراب ہونے کی وجہ سے کلاسز نہیں لے سکے۔

ای پیپر دی نیشن