ڈاکوئوں سے مقابلے میں شہید اہلکار سجاد علی سپرد خاک

لاڑکانہ/کندھ کوٹ/کشمور (بیورورپورٹ/نامہ نگاران) شہید پولیس اہلکار سجاد علی خاصخیلی کی نماز جنازہ پولیس اعزاز کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کندھ کوٹ میں ادا کردی گئی، گذشتہ رات ضلع کشمور کی پولیس اسٹیشن غوثپور کی حدود سندھ ڈھورو کے قریب دوران گشت ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار سجاد علی خاصخیلی کی نماز جنازہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کندھ کوٹ میں ادا کردی گئی جس میں جنازہ ایڈیشنل آئی جی سکھر ڈاکٹر کامران فضل، ڈی آئی جی لاڑکانہ مظھر نواز شیخ، ایس ایس پی کشمور امجد احمد شیخ، رینجرز کے افسران اور سیاسی، سماجی شخصیات اور میڈیا کے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ نے کہا کہ ضلع کشموراور شکارپور کے کچے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن کے سبب ان کا گھیرا تنگ کیا گیا ہے۔ اس بزدلانہ حرکت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور واقع میں ملوث ملزمان کو ہر حالت میں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ نے مزید کہا کہ پولیس کے جوانوں کی دی گئی لازوال قربانیاں رائیگان نہیں جائے گی، عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لیے فرائض کی ادائگی کے دوران اپنی قیمتی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں پر ہمیں فخر ہے پولیس ڈپارٹمنٹ شہید کی فیملی کے ساتھ ہے اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، مقابلہ میں زخمی ہونے والے پولیس کے جوانوں کے بہترین علاج کے لیئے احکامات بھی جاری کیئے، پولیس کی جانب سے سلامی اور پوری اعزاز کے ساتھ میت کو آبائی گاؤں امیر بخش خاصخیلی ضلع خیرپور ارسال کردی گئی، دوسری جانب مقابلے میں زخمی تین اہلکاروں محمد اسلم شر، سکندر سومرو اور نظیر نصیرانی کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔

ای پیپر دی نیشن