اسلام آباد : معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے اسٹرازنیکا اور فائزر ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔آج سے سعودیہ جانے والے 18 سال سے زائد عمر افراد یہ ویکسین لگوا سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب جانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے خوشخبری آگئی ، وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ سعودی عرب مزدوری کیلئے جانے والے اپنی دستاویزات دکھا کر ایسٹرازینیکا ویکسین لگواسکتے ہیں، جبکہ گاؤں یا دیہات میں دستیابی نہ ہونے پر بڑے شہروں سے ویکسین لگوائی جاسکے گی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے اس بات پر زور دیاکہ ڈبلیو ایچ او اپنی منظورشدہ ویکسین دنیا میں تسلیم کرانے کو یقینی بنائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈبلیو ایچ او کی منظورشدہ ویکسین کے حوالے سے سعودیہ سے گفتگو جاری ہے، نوویک اور سائنو فام سعودی عرب کی منظورشدہ ویکسین فہرست میں شامل نہیں ہے
خیال رہے کہ سعودی حکومت کی تجویز کردہ ویکسین میں چین کی تیار کردہ ویکسین شامل نہیں ہے۔سعودی عرب کی جانب سے فائزر ، آکسفورڈ، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین تجویز کی گئی ہیں۔
پاکستان میں زیادہ تر افراد کو چین کی تیار کردہ کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے جس کے باعث پاکستانیوں کو سعودی عرب جانے میں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاتھا ۔سعودی عرب جانے کیلئے ویکسین لگوانا ضروری ہے ، اور اس میں تجویز کردہ ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ لازمی ہوگا جس کے اخراجات مسافر کو خود ادا کرنا ہوں گے اور تجویز کردہ شرائط پر عمل درآمد20مئی سے ہو چکاہے ۔