واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکا اور یورپ سمیت دنیا کے کئی ملکوں کی سٹاک مارکیٹس شدید مندی کے بعد کریش کر گئیں۔ یورپ سمیت کئی ملکوں کی سٹاک مارکیٹس گرگئیں، ٹوکیو اور ہانگ کانگ مارکیٹس میں بھی کاروبار کے آغاز میں مندی دیکھی گئی۔ امریکی ایس اینڈ پی میں 3.9 فی صد کی گراوٹ دیکھی گئی، فرانس اور جرمنی کی مارکیٹس میں 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادھر بٹ کوائن کی قیمت بھی 18 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی۔ امریکی سرمایہ کار شرح سود میں اضافے کے خدشات سے خوفزدہ ہیں۔ امریکا میں مہنگائی 40 برس میں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، 70 فیصد امریکی اقتصادی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگلے برس امریکی معیشت کساد بازاری کا شکار ہوجائے گی۔ رواں ہفتے امریکا کی جانب سے افراط زر پر قابو پانے کے لیے شرح سود میں متوقع اضافے سے بھارتی روپیہ بھی ڈالرکے مقابلے میں ریکارڈ کم ترین سطح پر آگیا اور بھارتی روپیہ پہلی بار 78.28 فی ڈالر تک پہنچ گیا۔
یورپ‘ امریکہ سمیت کئی ممالک کی سٹاک مارکیٹس کریش
Jun 15, 2022