اپنا وطن آزاد کرانے کے علاوہ کریمیا بھی دوبارہ یوکرائن کا حصہ بن جائے گا‘ مزید ہلاکتیں روکی جائیں: زیلنسکی

Jun 15, 2022


کیف‘ مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی) یوکرائن کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرائن کو موجودہ جنگ کی بہت بھاری قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ زیلنسکی نے مشرقی یوکرائن اور بحیرہ اسود کے ساحلی علاقوں میں روسی جارحیت کے خلاف خبردار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف اپنے وطن کو روسی قبضے سے آزاد کرا لیں گے بلکہ کریمیا بھی دوبارہ یوکرائن کا حصہ بن جائے گا۔ مغربی اتحادیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ کیف کو اسلحے کی فراہمی تیز کر دیں۔ انہوں نے مغربی ممالک سے کہا کہ وہ یوکرین کو مزید ہلاکتوں سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ یوکرائن کے علاقے لوہانسک کے گورنر سیرہئی ہیدائی نے کہا ہے کہ روسی فوج نے یوکرائن کے فرنٹ لائن شہر سیویرو ڈونیٹسک کے تینوں مرکزی پل تباہ کر دیے ہیں۔ اب شہر میں امدادی سامان پہنچانا اور وہاں سے عام شہریوں کا انخلا بھی انتہائی مشکل ہو جائے گا۔ اب بھی شہر میں دس ہزار شہری رہائش پذیر ہیں۔ برطانیہ کی ملٹری انٹیلیجنس کے مطابق روسی آپریشن کا مرکزی ہدف ڈونباس کے خطے میں سیویرو ڈونیٹسک ہی کو نشانہ بنانا ہے۔ تاہم کئی ہفتوں کے بعد روسی فوج نے مغربی یوکرائن میں خارکییف کی طرف بھی پیش قدمی کی ہے۔

مزیدخبریں