حافظ آباد+ ننکانہ صاحب (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگارخصوصی) اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں شیزہ رحمان کی غیر قانونی گندم اور یوریا کھاد ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی، 9کروڑ 90 لاکھ سے زائد مالیت کی 45 ہزار گندم کی بوریاں اور یوریا کھا د کی 410 بوریاں قبضہ میں لیکر گودام سیل کر دیئے جبکہ ننکانہ صاحب میں کھاد کی مقررہ نرخوں پر عدم دستیابی کے خلاف کسانوں کے سڑکوں پر نکلنے کے اعلان کی خبر شائع ہوتے ہی ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کر کے فیلڈ اسسٹنٹ زراعت محمد فیض اور ظفر اقبال پٹواری کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر حافظ آباد اللہ دتہ وڑائچ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں شیزہ رحمان نے ٹاہلی گورائیہ میں سبحان رائس ملز میں غیر قانونی ذخیرہ اندوزوں کے گودام پر چھاپہ 9 کروڑ 90 لاکھ سے زائد مالیت کی گندم کی 45 ہزار بوریاں بر آمد کر لیں علاوہ ازیں رائس ملز کے گودام میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی جانے والی یو ریا کھاد کی 410بوریاں بھی برآمد کر لی گئیں۔ ادھر اے ڈی سی فنانس رانا امجد علی نے خفیہ اطلاع پر چک نمبر 5گ ب میں کھاد سیل پوائنٹ پر چھاپہ مار کر فیلڈ اسسٹنٹ زراعت محمد فیض اور ظفر اقبال پٹواری کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ دونوں سرکاری اہلکار کھاد ڈیلر کے ساتھ مل کر اپنی نگرانی میں کھاد مہنگے داموں فروخت کروا رہے تھے۔ پولیس تھانہ صدر ننکانہ صاحب نے مقدمہ درج کر کے دونوں ملزموں کو تھانہ صدر کی حوالات میں بند کردیا۔