لاہور (اپنے نامہ نگار سے) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد امیر بھٹی کی زیر قیادت عدالتی تاریخ میں پہلی مرتبہ ضلعی عدلیہ میں زیر التواء تمام مقدمات کا ریکارڈ آن لائن کردیا گیا۔ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے لاہور کی ضلعی عدلیہ میں کیس مینجمنٹ سسٹم موبائل ایپ اور ریکارڈ روم مینجمنٹ سسٹم کے پائلٹ پراجیکٹ کا افتتاح کردیا ہے۔ اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے ایڈمن جج برائے آئی ٹی، جسٹس شجاعت علی خان، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور حبیب اللہ عامر، ڈی جی جوڈیشل اینڈ کیس مینجمنٹ شازب سعید، ایڈیشنل رجسٹرار ساحر اسلام، ایڈیشنل سیشن جج مدثر عمر بودلہ، سول جج دانش مختار سمیت دیگر جوڈیشل افسر، صدر لاہور بار ایسوسی ایشن راؤ سمیع اور سیکرٹری عمار یاسر کھوکھر سمیت بار کی قیادت بھی موجود تھی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کا کہنا تھا کہ کیس مینجمنٹ سسٹم موبائل ایپ (CMS) ضلعی عدلیہ میں شروع کردیا گیا ہے ، جبکہ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کا پائلٹ پراجیکٹ لاہور کی ضلعی عدلیہ میں شروع کیا جارہا ہے، بعد ازاں ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم (RMS) کو صوبہ بھر کی ضلعی عدلیہ میں بھی نافذ کردیا جائے گا۔ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم (RMS) کو کیس مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ پبلک سروس ڈیلیوری ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ عدلیہ میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کا اہم تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا جسٹس شجاعت علی خان اور ہماری آئی ٹی ٹیم نے بہترین کام کیا ہے۔ انہوں نے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے باعث اطمینان ہے کہ ہماری عدلیہ تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب گامزن ہے۔ پنجاب کی ضلعی عدلیہ کے تمام 13 لاکھ مقدمات کا ریکارڈ آن لائن کردیا گیا ہے۔ نہ صرف زیرِ سماعت مقدمات بلکہ فیصلہ شدہ امثالات سے متعلقہ معلومات عوام اور وکلاء کو آن لائن میسر ہونگی، جس سے انصاف کی ترسیل کے عمل کو شفاف اور تیز تر بنانے میں معاونت ملے گی۔ قبل ازیں افتتاحی تقریب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے جسٹس شجاعت علی خان نے کہا ادارے جامد ہو کر نہیں رہ سکتے، آگے بڑھنے کے لئے متحرک رہنا ضروری ہے۔ مقدمات کی فائلز کو کیٹگریز کی بنیاد پر ترتیب دیا گیا ہے، جس سے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم سے ریکارڈ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور حبیب اللہ عامر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کیس مینجمنٹ سسٹم اور ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم سے ایک کلک سے معلومات حاصل کی جا سکے گی۔ CMS موبائل ایپلیکیشن سے مقدمات کی معلومات تک رسائی Android Mobile پر تمام شہریوں کو باآسانی دستیاب ہوںگی۔ RMS سسٹم سے تمام سائلین کو اپنے فیصلہ شدہ مقدمات کی تمام تفصیل آن لائن دستیاب ہوگی اور لاہور میں RMS سسٹم پر بطور ماڈل ڈسٹرکٹ کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ڈی جی جوڈیشل اینڈ کیس مینجمنٹ شازب سعید‘ ایڈیشنل سیشن جج معین کھوکھر نے بویفنگ دیتے ہوئے بتایا عدلیہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جانا بہت ضروری تھا۔
عدلیہ میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے یہ وقت کا تقاضا ہے‘ معلومات عوام اور وکلاء کو آن لائن میسر‘ انصاف تیز تر بنانے میں معاونت ملے گی: خطاب
Jun 15, 2022