لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، صدر قائمہ کمیٹی سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ سے جاری سیاسی، اقتصادی اور پارلیمانی بحران بدترین اور خوفناک شکل اختیار کرگیا ہے۔ عمران خان حکومت کی نااہلیوں کی وجہ سے عدمِ اعتماد تحریک کی کامیابی کے بعد اتحادی حکومت کی بھی کوئی ساکھ اور مستقبل نہیں۔ قومی سیاست ضِد، ہٹ دھرمی اور انتقام و بدتہذیبی کا شکار ہے۔ عوام براہِ راست اِس صورتِ حال کی چکی میں پِس رہی ہے۔ قومی قیادت کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے۔ قومی ترجیحات پر ذاتی اَنا اور ضِد کو قربان کرکے قومی ڈائیلاگ، انتخابی اصلاحات اور بااعتماد انتخابات کا انتظام قومی سلامتی کی حفاظت کیلئے ناگزیر ہے۔