لاہور(خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ نفرتوں کے خاتمے کیلئے اعتدال کاراستہ اختیار کیاجائے۔ علماء کرام معاشرے میں برداشت، رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ دین اسلام برداشت اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ انتہاپسندی کے سدباب کیلئے برداشت اور رواداری کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔عدم برداشت کے باعث انتہاپسندی کا رجحان بڑھتا ہے۔منفی رویوں سے نہ صرف خاندان بلکہ معاشرے تباہی کی طرف جاتے ہیں۔برداشت اور رواداری کے رویوں کو فروغ دے کر معاشرے کا بگاڑ درست کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں شعور فائونڈیشن کے زیراہتمام 4روز ہ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پرسیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔