لاہور (نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سپیکر اور بنی گالا میں بیٹھے شخص کی انا ختم ہی نہیں ہو رہی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی راجہ بن کر بیٹھے ہوئے ہیں، اسمبلی میں میڈیا کو بین کر دیا جاتا ہے، جب ڈپٹی سپیکر نے انتخاب کرایا تو غنڈوں کو کس نے اندر بھیجا؟۔ میں نے پیر کو کہا تھا کہ یہ میری ذات کا یا انا کا معاملہ نہیں، سب سے بڑے صوبے میں آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔ ہمارے وزیر بجٹ پیش کرنے کی دہائی دیتے رہے، میں کل صوبے کے عوام کے لیے اچھی خبر لے کر آیا تھا، میں کوئی یہاں کھیل تماشا تو کرنے نہیں آیا تھا۔ ہم کہتے ہیں کہ بجٹ پیش کرنے دیں، یہ کہتے ہیں کہ آئی جی کو پیش کریں، ہم انہیں عوام کی عدالت میں لے کر جائیں گے۔ کبھی سنا ہے کہ 2 ماہ گزر جائیں اور کابینہ تشکیل نہ دی جا سکے، چوہدری پرویز الہٰی کو سمجھ آ جانی چاہیے، اب یہ تماشا نہیں چلے گا، ہم ان کا بندوبست بھی کریں گے۔ بجٹ پیش بھی ہو گا اور منظور بھی ہو گا، بے شک رات ہو جائے بیٹھا رہوں گا، یہ وہی سپیکر ہیں جن کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ہے۔ پرویز الہیٰ تم عوام کی خدمت کا میرا راستہ نہیں روک سکتے۔ یکم جولائی سے بی ایچ یو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں مفت ادویات ملیں گی۔ کینسر کی ادویات بھی فری دی جائیں گی۔ یہ کھیل تماشے میں لگے ہیں۔ سب سے بڑے صوبے میں آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے، ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اجلاس بلا کر ملتوی کردیا جاتا ہے۔ ایسے لگتا ہے یہ کوئی بادشاہت ہے۔ ہمارے وزیر دہائی دے رہے تھے اور انہیں آئی جی اور چیف سیکرٹری کی یاد آ رہی تھی۔ ریاست مدینہ میں کیا توشہ خانے سے گھڑی چوری کرکے فروخت کی جاتی تھی؟۔ گزشتہ 3 ماہ سے صوبے میں قانون اور آئین کیساتھ کھلواڑ کیا گیا۔ 3 ماہ میں جو تماشا ہوا کبھی تاریخ میں نہیں دیکھا۔ یہ اسمبلی عوام کے پیسوں سے چلتی ہے۔ اجلاس بلاکر چند منٹ میں ملتوی کردیا جاتا ہے۔ صوبے کی مشینری میرے ساتھ رات گئے تک بیٹھی رہی، رات 12 بجے گھر گیا۔ آپ حمزہ شہباز کی نہیں عوام کی دشمنی مول لے رہے ہیں۔ اب ان کو عوام کی عدالت میں پیش کریں گے، ان کو جوابدہ ہونا ہوگا۔ پرویز الٰہی میرے اور عوام کے درمیان دیوار نہیں کھڑی کر سکتے۔ آئی جی اور چیف سیکرٹری پنجاب نے اپنا قانونی کردار ادا کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے اٹک کے علاقے فقیر آباد میں زیادتی کے بعد بچی کے قتل کے واقعہ اور مظفرگڑھ میں خواتین کو ہراساں کرنے کے دوران فائرنگ سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ نے ملکہ برطانیہ الزبتھ کی سالگرہ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب کے آغاز میں پاکستان اور برطانیہ کے قومی ترانے بجائے گئے۔ حمزہ شہباز نے برطانوی ہائی کمشنر کے ساتھ مل کر ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہبازنے ملکہ برطانیہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ملکہ کی عوامی اور جمہوری خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔
حمزہ شہباز
پرویز الہی کو سمجھ آجانی چاہیے تماشا نہیں چلے گا بندوبست کرینگے حمزہ
Jun 15, 2022