جنرل ندیم رضا ایئر چیف سے ارجنٹائن کے کمانڈر کی ملاقات دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ارجنٹائن کی مسلح افواج کے چیف آف دی جوائنٹ سٹاف ٹینینٹ جنرل جوآن مارٹن پیلو نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور بشمول سیکورٹی، فوجی تبادلوں، تربیت اور موجودہ علاقائی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ارجنٹائن کے چیف آف جوائنٹ سٹاف نے کہا کہ ان باہمی فائدہ مند بات چیت سے دوطرفہ دفاعی تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں، تعاون کو تقویت ملی ہے اور دونوں فوجوں کے درمیان باہمی مفاہمت میں اضافہ ہوا ہے۔ جنرل ندیم رضا نے ارجنٹائن اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کا اعادہ کیا۔ قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے ٹینینٹ جنرل جوآن مارٹن پیلو کو سلامی پیش کی۔ ادھر  جنرل جوآن مارٹن پیلو نے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور حالیہ برسوں میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی کامیابیوں کا اعتراف بھی کیا۔ ایئرچیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے پاک فضائیہ اور ارجنٹائن فضائیہ کے مابین موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ دونوں معززین نے تربیت اور خود انحصاری سمیت دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ دلچسپی اور علاقائی سلامتی کے مختلف امور پربھی تبادلہ خیال ہوا۔
ندیم رضا/ ملاقات

ای پیپر دی نیشن