نئی دہلی (اے پی پی) بھارتی فضائیہ رافیل اور تیجس کے بعد مزید 114 لڑاکا طیارے حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے جبکہ ٹاٹا، اڈانی اور مہندرا کے کاروباری گروپس نے بھارت کے سٹرٹیجک پارٹنرز بننے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فضائیہ ''بائے گلوبل اینڈ میک ان انڈیا'' منصوبے کے تحت مزید 114لڑاکا طیارے حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کررہی ہے اور امریکہ، فرانس، روس اور سویڈن کی دفاعی کمپنیاں اس معاہدے میں اپنی دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں۔ ''خود انحصار بھارت اقدام'' کے تحت 96طیاروں کو بھارت میں تیار کرنے کا منصوبہ ہے اور باقی 18 کو براہ راست کسی غیر ملکی کمپنی سے درآمد کیا جائے گا۔ ٹاٹا، اڈانی اور مہندرا گروپ نے بھارت کا سٹرٹیجک شراکت دار بننے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ بھارتی فضائیہ کو امید تھی کہ وہ 36رافیل کے ابتدائی آرڈر کا استعمال کرتے ہوئے مزید 90 طیارے حاصل کرے گی لیکن ایسا نہ ہوتا دیکھ کر اس نے بھارتی حکومت کو 114نئی قسم کے سنگل انجن ایم ایم آر سی اے خریدنے کی تجویز دی۔ بھارتی فضائیہ سمجھتی ہے کہ اسے ہمسایہ حریفوں پاکستان اور چین پر اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے ان 114لڑاکا طیاروں کی اشد ضرورت ہے۔
بھارت/ طیارے