لاہور(کامرس رپورٹر )چھوٹی صنعتیں ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں،ایکسپورٹ اور امپورٹ میں فرق ختم کرنے کیلئے ایس ایم ایز کو فروغ دینا ہوگا۔برآمدات میں اضافہ سے ہی حالات بہتر ہوں گے،بجٹ میں حکومت کو انڈسٹریل پیکچ دینا چاہیے تھا۔ان خیالات کا اظہار فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ، ریجنل چیئرمین ندیم قریشی اورسابق صدر میاں انجم نثار نے دروغہ والا انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن کی نئی بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ برآمدات بڑھانے،آئی ٹی اوردیگر سیکٹرزکی ترقی کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کرے۔ ندیم قریشی نے کہاکہ برآمدات بڑھانے کیلئے غیر روایتی مصنوعات اور نئی منڈیاں تلاش کرنا ہو گی۔درآمد ات کے متبادل کیلئے صنعتوں کو فروغ دیاجائے۔انہوں نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں زراعت کی بہتری کیلئے پانی کے ذخائر بنائے جائیں۔ اس وقت ملک میں پانی کا شدید ترین بحران ہے، جس کی وجہ سے چاول اور کپاس کی فصل بھی پوری کاشت نہیں کی جا سکی ۔المیہ یہ ہے کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود زرعی اجناس درآمد کر رہا ہے،ہمیں درآمد کئے جانے والی زرعی اجناس کو ملک میں کاشت کرنے پر توجہ دینا ہو گی۔ملک میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے مقامی سرمایہ کاری کیساتھ ساتھ بیرونی سرمایہ کاری بھی متاثر ہو رہی ہے۔تقریب میں دروغہ والا انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق محمود،صدر شعبان اختر،سیکرٹری جنرل ابو ذر فاروقی،محمد علی میاں،فہیم الرحمن سہگل،عدنان خالد بٹ،تنویر احمد شیخ،طاہرمنظور،ابو ذر شاد،ذیشان سہیل ملک و دیگر نے شرکت کی۔