اسلام آباد(نا مہ نگار)ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین ابرار الحق نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ خون عطیہ کرنے کیلئے آگے بڑھیں۔وطن ِ عزیز میں خون عطیہ کرنے والوں کی شرح بہت ہی کم ہے۔ ہمیں انسانیت کی خدمت کواولیت دیتے ہوئے جذبہ خدمت کو فروغ دینا ہوگا۔اِن خیالات کااظہار انہوں نے ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر ہلالِ احمر کے زیر ِ اہتمام منعقدہ ویب نار کے دوران اپنے پیغام میں کیا۔ویب نار کا موضوع خون عطیہ کرنا انسانیت سے یکجہتی، کوششوں میں حصہ ڈالیں اور قیمتی جانیں بچائیںتھا۔ اِس موقع پر خون کے عطیات کیلئے آگاہی مہم پربھی زور دیا گیا۔ ویب نار میں سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر، باقاعدگی سے خون عطیہ کرنے والی شخصیات، ہلالِ احمر ریجنل بلڈ ڈونر سنٹر کے عملہ اور رضاکاروں نے شرکت کی۔ ویب نار کو ہلالِ احمر کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے لائیو دکھایا گیا۔ رضاکارانہ طور پر باقاعدگی سے خون عطیہ کرنے والے رومولس مرنڈا، فرید ربنواز، کاشف سلیمان، ترکش ریڈکریسنٹ کے ابراھیم کارلوس کیمیلو نے خون عطیہ کرنے سے متعلق اپنے تاثرات، مشاہدات اور تجربات سے آگاہی دی اوراِس بات پر زور دیا کہ نوجوان خون عطیہ کرنے سے گریز نہ برتیں۔ ہلالِ احمرکے چیئرمین ابرار الحق کا کہنا تھا کہ خون عطیہ کرنے والوں کا عالمی دِن ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم حکومت اورصحت عامہ کے اداروں سے مناسب وسائل کی فراہمی کا کہہ سکیں۔ اِس ضمن میں بنیادی ڈھانچے، سسٹم کو بہتر کرکے بلڈ کولیکشن کو بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر نے خون کے عطیات کی شرح کو بڑھانے کیلئے مختصر، درمیانی اور طویل المدت حکمت عملی کو اپنایا ہے۔ اِس طرح ہم اپنی ضرورت کے مطابق عطیات کے حصول میں کامیاب رہے ہیں۔ ہمیں ضرورت کے مطابق خون کی فراہمی کیلئے کوششوں میں تیزی لانا ہوگی تاکہ وہ افراد جنہیں زندگی کیلئے باقاعدگی سے خون کی ضرورت ہے وہ مایوس نہ رہیں۔
خون عطیہ کرنے کے لئے نوجوان آگے بڑھیں، ابرار الحق
Jun 15, 2022