اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی کی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و اقتصادی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے وفاق اور تمام صوبوں کے مابین قریبی رابطے ضروری ہیں، بلوچستان ملک کا اہم صوبہ ہے ،پاکستان کی ترقی اور خوشحالی بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے، راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ا سپیکرنے بلوچستان اسمبلی کے اراکین اور عملے کی استعداد کار میں اضافے کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے جانب ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔جان محمد جمالی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو اسپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، جان محمد جمالی نے قومی اسمبلی اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے اراکین کے مابین ہم آہنگی میں اضافے کے لیے رابطوں کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لیے قومی یکجہتی اور اتحاد ناگزیر ہے۔