’’پیغام پاکستان‘‘کا سب سے بڑا نقطہ امن ہے‘ حافظ طاہر محمود اشرفی

Jun 15, 2022


اسلام آباد(نا مہ نگار)نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی،مشرق وسطی وچیئر مین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ 'پیغام پاکستان' کا سب سے بڑا نقطہ امن ہے، دنیا میں جو بھی چیز موجود ہے وہ امن کی متلاشی ہوتی ہے، ہم نے بد امنی کی بڑی قیمت ادا کی ہے۔وہ یہاں  پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیا الحق ، ڈائریکٹر جنرل آئی آر آئی،  بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی،  اسلام آباد کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب  کر رہے تھے۔انہوں نے کہا نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، مستقبل ہمارے نوجوانوں کا ہے، ہم نے انہیں پرامن اور  خوشحال پاکستان دینا ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا بات چیت کے بغیر مسائل کا حل نہیں نکلتا، بیس سال جنگ لڑنے کے بعد امریکہ نے بالآخر افغان طالبان سے بات چیت کی، ہم نے مذہبی انتہا پسندی کو پیغام پاکستان کے ذریعے کم کرنا ہے، سیاسی انتہا پسندی کو بھی کم کرنا ہے، ہمیں اس ملک کو دہشت گردی سے بچانا ہے اور اپنی آنے والی نسلوں کو محفوظ اور پر امن پاکستان دینا ہے۔انہوں نے کہا ہم نے مضبوط پاکستان اور اس کی اقتصادی ترقی کے لیئے اہم کردار ادا کرنا ہے، پیغام پاکستان کی طرح ایک میثاق پاکستان کرنا بھی اہم ہے، ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیئے انتخابی اصلاحات کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے بچوں میں عدم برداشت آرہا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان علما کونسل کا نقطہ نظر ہے کہ تمام مسائل کا  حل مذاکرات میں ہے۔

مزیدخبریں