کراچی (کلچرل رپورٹر )جنید خان نے فن کی دنیا میںاپنے سفر کا آغاز گلوکار کے طور پر کیا جو اپنی آواز کی پہچان بنانا چاہتا تھا اپنی صلاحیتوں کوپہچان کرانہوں نے سپر ہٹ نغموں جیسے 'سب بھلاکے 'اور دیگر مقبول نغموں کے ذریعے اپنے تاثرات اور جذبات کو پیش کیا۔اس کے بعد جلد ہی انہوں نے تخلیقی صلاحیت کے اظہار کے ایک اور موثرذریعے ، اداکاری کو اپنایا اور پھر بہت کم عرصے میں ان کا شما ر ملک کے مشہور اداکاروں میں ہونے لگااور گھر گھر کے لوگ ان کے فین ہوگئے۔ڈرامہ سیریلز سے لے کر بڑی اسکرین تک جنید خان نے باربار اپنے ورسٹائل ہونے کا لوہا منوایا۔ ایک گلوکار اور اداکارکی حیثیت سے اپنے کامیاب سفر کے بعد جنید نے اب پروڈیوسر کا مقام بھی حاصل کرلیا ہے اور جیم فلمز کے نام سے اپنا پروڈکشن ہائوس قائم کرلیا ہے۔اس کے قیام سے وہ ان تمام افراد کو موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں جن کو فن اور تخلیق کاری کی دنیا میں شامل ہونے کا شوق ہے۔ اس نقطہ ء نظر کے تحت وہ ایسی کمیونٹی کی تشکیل کے خواہشمند ہیں جو فنکار برادری کا مستقبل ہے۔
جنید خان نے جیم فلمز کے نام سے اپنا پروڈکشن ہائوس قائم کرلیا
Jun 15, 2022