قاری عبدالسلام عزیزی سے جماعت اسلامی کے نمائندہ وفدکی ملاقات 


کراچی( نیوز رپورٹر) جامعہ معھد القرآن الکریم کے مدیر و نگران اعلیٰ قاری عبدالسلام عزیزی نے جماعت اسلامی کے نمائندہ وفد کے قائد قاری وقار احمد چترالی امام مسجد منصورہ ، عبدالرحمن مجاہد ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری اتحاد العلمائ، حافظ محمد حسین صدر جمعیت اتحاد العلماء سے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مملکت خداداد پاکستان کی حکومت وقت اور معاشی پالیسی ساز ادارے سود کی لعنت سے چھٹکارا حاصل نہیں کرینگے اُس وقت تک ہم معاشی ترقی کی منازل طے کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی آیات کریمہ اور احادیث نبویہ  ﷺ  اس بات کی دلالت کرتی ہیں کہ سودی نظام اور سودی کاروبار کرنے والے کسی بھی معاشی میدان میں کامیاب نہیں ہو سکتے چونکہ وہ دراصل اﷲ تعالیٰ سے کھلی جنگ اور بغاوت کر رہے ہوتے ہیں ۔ قاری عبدالسلام عزیزی نے قاری وقار احمد چترالی اور دیگر کو اپنا اور اپنے ادارے کے اساتذہ کرام اور 650حفاظ کرام کی طرف سے یہ یقین دلایا کہ کراچی تا خیبر سود کی لعنت سے پاک معاشرہ والی تحریک میں ہم سب من حیث القوم تا دم مرگ اس تحریک کا ہراول دستہ بنکر آپ کے ساتھ رہینگے اور حکومت کی سود کے حوالہ سے غلط پالیسوں پر ہم ہمیشہ سراپا احتجاج رہینگے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی سود کے خلاف تحریک اور ہر اُس تحریک کا حصہ بنیں گے جو ملکی اور عوامی مفادات کی آئینہ دار ہوگی ۔ قاری عزیزی نے کہا سود کی لعنت سے چھٹکارا ہی ہمارے ملک میں معاشی خوشحالی و استحکام کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ 

ای پیپر دی نیشن