کراچی(نعیم اختر) اسپیکر قوی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک اس وقت مشکل حالات سے گذر رہا ہے اتحادی حکومت سابق نااہل حکمرانوں کا بویا کاٹ رہی ہے۔ نیازی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے ملک کا دیوالیہ نکال کر رکھ دیا۔ اتحادی حکومت کے مشکل فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سابق وفاقی وزیر میر چنگیز خان جمالی کی قیادت میں بلوچستان پیپلز پارٹی کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وفد میں صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار بلند خان جوگیز‘ صوبائی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن ملک مصطفی کاکڑ‘ غلام علی جمالی و دیگر موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، پارٹی امور‘ نئے انتخابی حلقوں سمیت دیگر ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چنگیز جمالی نے بلوچستان میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی بڑی تعداد میں کامیابی‘ صوبے میں پارٹی کی بڑھتی مقبولیت اور بڑے پیمانے پر دیگر جماعتوں کی سرکردہ شخصیات‘ سیاسی عہدیداران کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہی دی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان کی پارٹی سرگرمیوں اور کامیابیوں نا صرف سراہا بلکہ چنگیز خان جمالی کو مبارکباد دی۔