وہاڑی،بورے والا،لڈن،لودھراں،خان گڑھ،منڈا چوک،جہانیاں،کبیروالا،دائرہ دین پناہ ( کرائم رپورٹر، نامہ نگار ،تحصیل رپورٹر،خبر نگار،نمائندہ نوائے وقت، نمائندہ خصوصی) ڈاکو اہلخانہ کو یر غمال بنا کر 11تولے سونا،6 لاکھ نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔وہاڑی سے کرائم رپورٹر،نامہ نگار کے مطابق کالج ٹاون میں پانچ ڈاکو شمیم اختر نامی خاتون کے گھر میں داخل ہوگئے اور اہلخانہ کو یر غمال بنا کرگیارہ تولہ طلائی زیورات اور چھ لاکھ نقدی سمیت دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔ ملزمان نے مزاحمت پر خواتین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا ۔ بورے والا سے تحصیل رپورٹرکے مطابق اختر ہسپتال سے 75ہزار نقدی اور قیمتی سامان ، مجاہد کالونی میں گھر کے باہر سے موٹر سائیکل ، 435ای بی کے رہائشی جاوید اقبال گھر سے نقدی ، عظیم ا ٓباد میں ورکشاپ سے تین لاکھ مالیت کا سامان، جیون سٹی کے رہائشی محمد احمد کے گھر سے تاریں چوری کر لی گئیں۔لڈن سے نامہ نگار کے مطابق کولڈڈرنک کی دکان سے موٹرسائیکل سوار 8 ہزار چھین کر فرار ہوگئے ۔لودھراں سے کرائم رپورٹر کے مطابق ڈاکو بستی دورہٹہ کے رہائشی جلالپور پیر والہ کے صحافی ملک مجاہد کے گھر داخل ہوگئے شور واویلا پر فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے۔خان گڑھ سے خبر نگارکے مطابق شہری عارف زر گرکا محلہ قادرآباد سے موٹرسائیکل چور ی ہو گیا۔منڈا چوک سے نامہ نگار کے مطابق موضع سادے واہن کے رہائشی محمد ارشد نے پولیس کو بتایا کہ اس کی ہمشیرہ اپنے بچوں سمیت اکیلی رہتی ہے اس کا شوہر کراچی میں کام کرتا ہے۔نامعلوم افراد نے اس کو یرغمال بنا کر طلائی زیورات ،نقدی لوٹ لی۔جہانیاں سے نمائندہ نوائے وقت،نامہ نگار کے مطابق پلیٹ فارم سے محلہ غریب آباد کا رہائشی ایک لاکھ روپے نقدی سے محروم ہوگیا متاثرہ شہری نے بتایا کہ سٹیشن پرتعینات پولیس اہلکار ڈیوٹی سے غائب تھے ۔ نہر لوئرباری دوآب پل کے نزدیک موٹر سائیکل سوار د ونامعلوم افراد نے عمر نامی دکاندار سے باون ہزار روپے چھین لیے۔کبیروالا سے تحصیل رپورٹر کے مطابق موضع ٹانگرہ نزد سیال مشین تین ڈاکو عمر حیات سے تین بکرے اور 40ہزار نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔دائرہ دین پناہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق موٹر سائیکل سوار تین ڈکیت گھوٹا شاپ سے سولہ ہزار،موبائل لوٹ کر فرار ہوگئے ۔
ڈاکو اہلخانہ کو یر غمال بنا کر 11تولے سونا،6 لاکھ نقدی لوٹ کر فرار
Jun 15, 2022