لاہور (کامرس رپورٹر) ونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن اور ڈاکٹر حسن مراد سکول آف مینجمنٹ کے تحت پوسٹ بجٹ 2023 کے حوالے سے خصوصی سیمینار کا کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ فہیم الرحمن سیگل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع ڈائریکٹر جنرل یو ایم ٹی پر پروفیسر عابد شیروانی، سینئر تجزیہ کار عدنان عابد، سابقہ چیئرمین ایف بی آر پروفیسر سہیل احمد، انڈسٹری سے ماہرین سمیت یو ایم ٹی سٹاف، فیکلٹی اور طلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ڈائریکٹر جنرل یو ایم ٹی پروفیسر عابد شیروانی نے سیمینار میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت چلانے میں بجٹ کا قلیدی کردار ہوتا ہے کیونکہ اسی کے تحت مستقبل کے تمام امور کی پلاننگ کی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بجٹ ہمارے معاشرے کے ہر طبقے پر اثرانداز ہوتا ہے۔ صنعتکاری کے فروغ پر بات کرتے انکا کہنا تھا کہ جب تک شعبہ صنعت مین جدت اور بہتری نہیں آئیگی۔ ہماری درآمدات بہتر نہیں ہو سکیں گی لہٰذا سالانہ بجٹ میں اس چیز کا خاص خیال کرنا چاہیے۔ ایکڈیمیا اور انڈسٹری میں باہمی روابط بہت مضبوط ہونے چاہئیں تا کہ ہر سال یونیورسٹیوں سے لاکھوں فارغ التحصیل طلباء کا مستقبل روشن ہو اور وہ نوجوان ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔