پاکستان ، ایران کے مابین بارٹر تجارت کے معاہدہ پراقدامات شروع

Jun 15, 2023

لاہور (کامرس رپورٹر)پاکستان اور ایران کے مابین بارٹر تجارت کا معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستانی کمپنیوں نے ایران سے بارٹر تجارت شروع کرنے کیلئے اقدام شروع کر دئیے ہیں۔اس ضمن میں معروف صنعتکار شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ پاک ایران بارٹر تجارت کے تحت توانائی اور خوراک کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں جن کے حصول کیلئے انکا گروپ دوسری کمپنیوں سے مل کر منصوبہ بندی کررہا ہے۔ ایک خصوصی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستانی باسمتی چاول کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جس پر بتدریج ہندوستان کی بالادستی قایم ہو گئی تھی تاہم موجودہ حکومت کی بہتر حکمت عملی سے ایران کو پاکستان سے بہترین قسم کے باسمتی چاول کی برآمد کیلئے بارٹر ٹریڈ کے تحت موافقانہ مسابقت ممکن ہو گئی ہے۔انکی چاول کی برآمد کے بدلے ایران سے ایل پی جی کی درآمدات کیلئے ایک مقامی کمپنی سے مذاکرات ایڈوانس لیول پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہایران، روس اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ بارٹر تجارت اور انکی کمپنی کی کاوشوں کی بدولت نان باسمتی چاول کی پیداوار بڑھنے سے اگلے پانچ سال میں پاکستان کی چاول کی برآمدات دگنا ہو کر 5 ارب ڈالر کو پہنچنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

مزیدخبریں