لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی کراچی میں شفاف انتخابات کے انعقاد میں ناکامی پر ادارے کی پورے ملک میں الیکشن کرانے کی صلاحیت سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ کراچی میں میئر کا انتخاب ہونے جارہا ہے مگر دوسری جانب منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اغوا کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ کراچی کے چیئرمینوں کو پولیس کمانڈوز کے نرغے سے آزاد کروا کے انہیں ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کرے۔ نصف صدی گزر گئی ہے مگر پیپلز پارٹی کی جمہوریت میں زور زبردستی، سیاسی رہنماؤں کو اغوا کرنے اور اوچھے ہتھکنڈوں سے مسلط ہونے کی عادت نہیں گئی۔ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ خود پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کے لیے اچھا نہیں ہو گا۔ امیر جماعت اسلامی نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہوں یقین دلایا کہ جماعت اسلامی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہا ئی کے لیے بھرپور جدوجہد کررہی ہے۔ جماعت اسلامی روز اول سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے کوششیں کررہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سابق رکن قومی اسمبلی اور جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ سلمان بٹ مرحوم کے چھوٹے بھائی اور حسان بن سلمان اور جبران بٹ کے چچا حافظ صہیب بٹ کی نماز جنازہ پڑھائی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ پیپلز پارٹی کیلئے اچھا نہیں ہوگا: سراج الحق
Jun 15, 2023