لاہور( خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک پاکستان کا ملک کے اندر حالیہ گستاخیوں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے، بڑھتی ہوئی مہنگائی،بے روزگاری کے خلاف حافظ سعد حسین رضوی کی قیادت میں پاکستان بچاؤ مارچ چوبیسویں روزگجرات سے کھاریاں پہنچ گیا۔ تحریک لبیک پاکستان کے مقامی زمہ داران، کارکنان اور شہریوں کی جانب سے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاو ر کرکے بھر پور استقبال کیا گیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان کی بنیادوں میں شہداء کا خون شامل ہے،ہمیں مٹانے کا خواب دیکھنے والے خود صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے،اب تک کوئی ایک شخص بھی دعویٰ نہیں کر سکتا کہ لبیک والوں نے اسکا ایک روپے کا بھی نقصان کیا ہے،کچھ لوگ ظلم کے خلاف اس ڈر سے کھڑے نہ ہوئے کہ کہیں مارے نہ جائیں،آج قبرستانوں میں ان کی قبروں پر انکے نام کا ایک کتبہ تک نہیں لگا ہوا،انہوں نے کہا کہ ہم سے سوال کرتے ہیں آپ ملک کیسے چلائیں گے؟کراچی تا گجرات بے سروسامانی کے عالم میں تاریخی لانگ مارچ کر سکتے ہیں تو ملک بھی چلا سکتے ہیں، غربت سے تنگ قوم کی بیٹیاں نہروں میں کود کر خودکشیاں کر رہی ہیں،حکمران اپنی عیاشیوں اور شاہ خرچیوں میں مصروف ہیں،قوم کی کسی کو فکر ہی نہیں۔