سرگودھا: شیراز چودھری کے قتل کیس میں ملوث 2 ملزموں کی ضمانت کنفرم

Jun 15, 2023

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے سرگودھا میں قتل کے مشہور مقدمے میں شریک دو ملزمان کی عبوری ضمانتیں کنفرم کر دیں۔ جسٹس محمد وحید خان نے ملزمان عامر بٹ اور اجمل شہزاد کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی، ملزمان کے خلاف تھانہ کڑانہ سرگودھا میں شیراز چودھری کو قتل اور فراز چودھری کو زخمی کرنے کا مقدمہ درج ہے جس میں 12 نامزد اور 10 نامعلوم افراد کو ملوث کیا گیا۔  وکیل نے موقف اپنایا تفتیشی نے دونوں ملزمان کو گنہگار کرنے کا ثبوت صفحہ مثل پر نہیں لکھا، قانون کے مطابق جب ملزمان سے برآمدگی ہی کوئی نہیں ہونی تو پھر ان کی گرفتاری کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ کمرہ عدالت میں تفتیشی افسر نے اعتراف کیا کہ ملزم عامر بٹ کی اسلحہ سمیت موقع پر موجودگی ہے لیکن اسلحہ استعمال نہیں ہوا۔ عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کی دو دو لاکھ کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔

مزیدخبریں