لاہور( خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے انتخابات 2023ءکنونشن اور ملی یکجہتی کونسل کی مرکزی ٹیم کی پنجاب، سندھ، خیبرپی کے، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کے صدور کے ساتھ آن لائن زوم لنک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی جماعتوں اور اکبر علماءو مشائخ کو ملک کے فسادزدہ حالات میں تعمیر، وحدت، یکجہتی کیلئے قومی دینی کردار ادا کرنا ہوگا۔ سیاست اور قومی ریاستی اداروں میں ٹکراو¿ خوفناک ماحول پیدا کرچکا ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی قائدین کا وفد قومی قائدین سے ملاقات کرے گا۔ شدت، انتہا پسندی کی بجائے برداشت اور سیاسی حل کیلئے زور دیا جائے گا۔ ملی یکجہتی کونسل کی صوبائی تنظیمیں اپنے دائروں میں بھی سیاسی مفاہمت اور ماہِ محرم الحرام میں امن کو یقینی بنانے کیلئے فعال کردار ادا کریں گی۔ مسئلہ کشمیر پر سودے بازی کا اثر گہرا ہورہا ہے۔ لاکھوں شہداءکی قربانیوں سے غداری خود قومی سلامتی کیلئے خطرناک ہوگی۔ بھارتی فاشزم کے خلاف آواز بلند کرنا اور کشمیریوں کے جائز حق ، حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں سیاسی، انسانی اور سفارتی مدد کرنا قومی قیادت کی گردن پر قرض ہے۔
دینی جماعتوں ، علماءو مشائخ کو یکجہتی کیلئے قومی دینی کردار ادا کرنا ہوگا:لیاقت بلوچ
Jun 15, 2023