لاہور( خصوصی نامہ نگار) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کی اہلیہ نے گذشتہ روز ملک کے معروف دینی ادارہ جامعہ اشرفیہ لاہور کے زیر انتظام اشرفیہ گرلز کالج لاہور کا دورہ کے دوران مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور طالبات سے کہا کہ مجھے اشرفیہ گرلز کالج میں آکر اس انتظام و انصرام اور یہاں زیر تعلیم طالبات کو انتہائی خوبصورت اور پاکیزہ ماحول میں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت دینی نصاب تعلیم کو پڑھتے ہوئے دیکھ کر انتہائی خوشی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نسل نو باالخصوص بچیوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ بچیوں کی بہترین تعلیم و تربیت کیلئے موجودہ دور میں اشرفیہ گرلز کالج لاہور جیسے تعلیمی ادارے عصرحاضر کے تقاضے، حالات اور ضرورت کے عین مطابق ہیں۔ انہوں نے اشرفیہ گر لز کالج کی انتظامیہ کی جانب سے وفاق المدارس کے امتحان میں ملکی سطح پر پوزیشن لینے والی 5 طالبات میں عمرہ کے ٹکٹ اور دیگر طالبات میں اعزازی سر ٹیفکیٹ تقسیم کیے۔