میئر کے انتخاب کے بعد جماعتِ اسلامی اور پی پی کارکنان کا ایک دوسرے پر پتھراؤ

Jun 15, 2023 | 18:06

ویب ڈیسک

کراچی میں میئر کے انتخاب کے بعد جماعتِ اسلامی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان آمنے سامنے آگئے، ورکرز نے ایک دوسرے پر پتھراؤ شروع کردیا۔غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی امیدوار مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہوگئے.انتخاب کیلئے آرٹس کونسل کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا تھا۔ الیکشن کے بعد آرٹس کونسل کے باہر ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سندھ پولیس اور پاکستان رینجرز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ رینجرز کی بھاری نفری نے چاروں اطراف سے سڑکیں بند کردیں۔ مظاہرین نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا جس کی ویڈیوز سامنے آگئیں۔جماعتِ اسلامی اور پیپلز پارٹی کارکنان آرٹس کونسل کے باہر گتھم گتھا ہو گئے۔ پتھراؤ کے باعث متعدد کارکنان زخمی ہوگئے۔ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس نے صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے مظاہرین پر لاٹھی چارج بھی کیا۔ایک جانب پولیس اور رینجرز کی جانب سے حالات کنٹرول کرنے کی کوششیں تو دوسری جانب پیپلز پارٹی اور جماعتِ اسلامی کارکنان کا ایک دوسرے پر پتھراؤ جاری ہے۔ دونوں جانب سے متعدد افراد زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

بعد ازاں پولیس اور رینجرزنے دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو الگ کردیا۔ چند ایک سیاسی کارکنان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ کچھ دیر تک مسلسل پتھراؤ کے بعد صورتحال معمول پر آگئی۔

مزیدخبریں