ایتھنز: یونان میں تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب جانے کے باعث درجنوں پاکستانیوں سمیت 100افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ متعدد افراد کو بچا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یونان کے علاقے کلمتا کے قریب ڈوبنے والی کشتی میں 400 سے زائد تارکینِ وطن غیر قانونی طور پر سوار تھے جو لیبیا سے اٹلی جارہے تھے کہ سمندر میں سفر کے دوران خوفناک حادثہ پیش آگیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کشتی میں سوار افراد میں سے زیادہ تر پاکستانی تھے، اس کے علاوہ افغانستان، شام اور مصر کے شہری بھی غیر قانونی طور پر اٹلی جا رہے تھے۔ 100سے زائد افراد کو بچالیا گیا ہے۔متاثرہ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔سیکڑوں لاپتہ تارکینِ وطن کی تلاش تاحال جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کو ڈوبے ہوئے کافی وقت گزر چکا ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ڈوبنے والے تارکینِ وطن کی تلاش کیلئے آپریشن میں فوجی طیاروں، ہیلی کاپٹرز اور 6 کشتیاں حصہ لے رہی ہیں۔ بحیرۂ آیونی میں پیش آنے والے حادثے کا شکار کسی بھی فرد کو لائف جیکٹ پہنے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔لائف جیکٹ نہ پہننے کے باعث بھی ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ یونانی حکومت نے ریسکیو کیے جانے والے تارکینِ وطن کی شناخت کا عمل شروع کردیا۔ غیر قانونی تارکینِ وطن کو ان کے اپنے ممالک کی جانب ڈی پورٹ کرنے کیلئے کارروائی کی جائے گی۔