اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کی سربراہی سے محروم کردیا اور وزیر اعظم شہباز شریف خود ایکنک کی سربراہی کریں گے۔ وزیر اعظم نے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) تشکیل دے دی جس کے چیئرمین وزیر اعظم شہباز شریف خود ہوں گے۔ اس سے قبل وزیر خزانہ ایکنک کے سربراہ رہ چکے ہیں لیکن وزیراعظم نے محمد اورنگزیب کو ایکنک کی سربراہی نہیں دی۔ نگران دور میں ڈاکٹر شمشاد اختر بطور وزیر خزانہ ایکنک کی سربراہ تھیں جبکہ سابقہ اتحادی دور حکومت میں اسحق ڈار بطور وزیر خزانہ ایکنک کے چیئرمین تھے۔ اس سے قبل سابقہ اتحادی دور میں مفتاح اسماعیل بھی بطور وزیر خزانہ ایکنک کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ تشکیل نو کے بعد 8 رکنی ایکنک کے ارکان میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار، وفاقی وزرائے خزانہ محمد اورنگزیب اور منصوبہ بندی احسن اقبال، پنجاب سے صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور سندھ سے جام خان شورو، اس کے علاوہ خیبر پی کے سے مشیر خزانہ مزمل اسلم جبکہ بلوچستان سے صوبائی وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی ایکنک کا حصہ ہیں۔