مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) چیف جسٹس ہائیکورٹ آزاد کشمیر نے 2 لاکھ کے مچلکے کے عوض احمد فرہاد کی ضمانت منظور کر لی۔ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ چیف جسٹس آزاد کشمیر صداقت حسین راجہ نے کہا کہ عدالتی نظام کی خرابی کی وجہ سے احمد فرہاد کو سزا بھگتنی پڑی ہے۔ آج کل کے جج بھی سیاست دانوں کی طرح میڈیا کو دیکھتے ہیں کہ آج میڈیا پر میری ٹکر چلی ہے یا نہیں اور پھر کہتے ہیں کہ آزاد کشمیر کا عدالتی نظام مضحکہ خیز ہے۔ یہ ہماری ایک چھوٹی سی ریاست ہے۔ چیف جسٹس نے عدالت میں موجود احمد فرہاد کی اہلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے شوہر کو سمجھائیں کہ وہ بے شک اپنی شاعری کے ذریعے جذبات کا اظہار کریں۔ اس بات پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی لیکن صرف شاعری کریں، صحافت نہ کریں۔ پاکستان کے ججز کی طرح مشہور نہیں ہونا چاہتے نہ آزاد کشمیر میں ہماری سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کی کوئی جرنلسٹ ایسوسی ایشن ہے کہ ہم اپنی خبریں چلوانے کے لیے فضول بیانات دیں۔