چنیوٹ+ اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی کارکنوں نے پریس کلب چنیوٹ کے سامنے پرامن احتجاج کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی و دیگر پارٹی رہنمائوں کی رہائی کیا۔ تحریک انصاف کے ضلعی صدر میاں شوکت علی ،مہر محمد خالد آرائیں ، مہر محمد حسین جپہ ، سید خرم حسنین بخاری و دیگر نے خطاب کرتے کہا کہ تحریک انصاف محب وطن پر امن جماعت ہے جو انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی‘ عمران خان پر جھوٹے مقدمات ختم کر کے فوری رہا کیا جائے کپتان عمران خان اور دیگر کارکنان قائدین تحریک انصاف کی رہائی تک کارکن چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ قوم کے دلوں سے عمران خان کی محبت کو نہیں نکالا جا سکتا‘ پاکستانی قوم کی دعائوں سے اب جلد ہی عمران خان رہا ہو کر عوام کے سامنے ہوں گے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر پی ٹی آئی نے احتجاج کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن کے بعد دیگر کارکن منتشر ہو گئے۔ گرفتاریوں پر احتجاج کرنیوالے 8 کارکنوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔