وفاقی بجٹ آئی ایم ایف قرض کیلئے معاون ، مہنگائی بڑھے گی موڈ یز 

Jun 15, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) معروف عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستانی معیشت کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی نصف سے زائد آمدنی سود کی ادائیگی پر خرچ ہوگی۔ موڈیز نے بتایا کہ پاکستان کا حالیہ بجٹ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) قرض پروگرام کے لیے مذاکرات میں مددگار ہوگا۔ 3.6 فیصد شرح نمو ہدف رکھ کر آئی ایم ایف کوخوش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ موڈیز کا کہنا تھا کہ مالی استحکام کے لیے ٹیکسوں میں اضافے اور شرح نمو پر انحصار کیا۔ مہنگائی کی وجہ سے سماجی تناؤ دوبارہ پیدا ہوسکتا ہے۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی کے مطابق مضبوط الیکٹورل مینڈیٹ نہ ہونے سے اصلاحات پر عمل مشکل ہو سکتا ہے۔ موڈیز نے ملکی آمدنی میں اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریونیو میں 40 فیصد اضافہ ٹیکسوں میں اضافے کی وجہ سے ہے۔ موڈیز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے وفاقی حکومت کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کر کے 17.8 کھرب روپے کرنے کا چیلنجنگ ہدف مقرر کیا ہے جو ایک سال قبل کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ ہے۔ بجٹ میں مختص سبسڈیز 27 فیصد اضافے کے ساتھ 1.4 کھرب روپے تک پہنچ گئیں جس کی بنیادی وجہ توانائی کے شعبے میں سبسڈی میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہے۔

مزیدخبریں