اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار مزید بڑھ گئی اور ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار پھر سے تیز ہو گئی اور مسلسل تیسرے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ کا رحجان جاری رہا ہے۔ حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 1.30 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اس سے پچھلے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں 0.45 فیصد کا اضافہ ہوا تھا جبکہ حالیہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح بھی 21.69 فیصد سے بڑھ کر 23.03 فیصد ہو گئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جن میں ٹماٹر کی قیمتوں میں 27.14 فیصد، چکن کی قیمتوں میں 11.75 فیصد، بجلی کی قیمتوں میں 8.73 فیصد، دال چنا کی قیمتوں میں 7.19 فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں 1.07 فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں 3.70 فیصد، بیف کی قیمتوں میں 1.52 فیصد، مٹن کی قیمتوں میں 0.60 فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 6.14 فیصد، انرجی سیور کی قیمتوں میں 0.36 فیصد اور سگریٹ کی قیمتوں میں 0.47 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پیاز کی قیمتوں میں پانچ فیصد سرخ مرچ پاؤنڈر کی قیمتوں میں 1.95 فیصد ایری سکس باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں 1.65 فیصد لہسن کی قیمتوں میں 1.32 فیصد کایری سکس باسمتی چاول کی قیمتوں میں 1.08 فیصد روٹی میں 0.52 فیصد آٹے کی قیمتوں میں 0.05 فیصد اور چینی کی قیمتوں میں 0.02 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔