اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ایک دن میں دو بڑے اعلان، صنعتوں کے لئے بجلی سستی کرنے کے بعد بڑی عید پر وزیراعظم کی عوام کے لئے بڑی عیدی۔ پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لٹر کی بڑی کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لٹر کی کمی کر دی۔ یکم جون کو بھی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لٹر کمی کی۔ تھی اب تک پٹرول کی فی لٹر قیمت میں مجموعی طور پر 35 روپے کا ریلیف عوام کو دیا جاچکا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آفس کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 16 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 267 روپے 89 پیسے فی لٹر ہو گی۔ یکم جون کو حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے کمی کی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں 10 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کردی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے صنعت اور برآمدات میں بڑے اضافے کے لیے اہم اقدام کیے ہیں۔ نیپرا نے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں 10روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی تجویز کی تھی جسے وزیراعظم نے منظور کرلیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق صنعتوں کو یہ پیکج عالمی منڈی میں اشیاء کی لاگت کے مقابلے کے قابل بنانے کیلئے کیا گیا جس سے صنعتی اور زرعی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ پیکیج کے نتیجہ میں صنعتوں سے 200 ارب سے زائد کا بوجھ ختم ہو گا۔ وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ اس پیکج سے صنعتی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی، روزگار میں اضافہ ہوگا اور صنعتوں کے پہیے کی رفتار تیز اور برآمدات میں اضافے سے ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کی بحالی کے لیے نجی شعبے کو تمام سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سابق گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے عالمی شہرت یافتہ کنسلٹنسی فرم کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وفد نے پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں تمام شعبوں خصوصاً معدنیات اور توانائی میں سرمایہ کاری کے لامحدود مواقع موجود ہیں۔ دوست ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کے معاہدوں کو معروف عالمی فرمز کی مشاورت سے مکمل کیا جائے اور حکومت کے حجم میں کمی اور نظام حکومت کو موثر بنانے کے لیے بھی ان سے مشاورت کی جائے۔ ملکی معیشت کی ترقی میں نجی شعبے کا کلیدی کردار ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب خان، وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔دریں اثناء وزارت خزانہ نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔