اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی غلامی کی دستاویز اونچی دکان پھیکا پکوان ہے انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں حکومتی اخراجات کم کرنے کی بجائے ٹیکسز کی بھر مار کر دی گئی ھے جو ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور سماجی افراتفری کا نیاطوفان برپا کریگا ۔ملکی معاشی حالات کے پیش نظر عوام اور تاجر برادری کا ببانگ دھل مطالبہ ھے کہ بجٹ پاس کرنے سے قبل حکومت اپنے اخراجات میں واضح کمی کا اعلان کرے گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق کاشف چوہدری نے کہا کہ ملک بھر کی تاجر تنظیموں اور ایوانہائے صنعت و تجارت نے 2024.25 کے وفاقی بجٹ کو ملک کی 77 سالہ تاریخ کا مایوس کن بجٹ قرار دیا ھے اور یہ پہلی دفعہ ھے کہ بجٹ کی تیاری میں تاجر تنظیموں اور ایوانہائے صنعت و تجارت سے مشاورت نہیں کی گئی انہوں نے کہا بجٹ تقریر خوبصور ت الفاظ کا گورکھ دھندہ تھی لیکن انتہائی خطرناک بجٹ پیش کیا گیا ہے IMF کی ہدایت پر حکومت کی جانب سے ایسے حالات پیدا کئے جا رہے ہیں کہ ملک میں نجی شعبہ بھی کاروبا ر نہ کر سکے۔