بھارتی سکھ یاتریوں کی گوردوارہ روہڑی صاحب آمد، انتظامات کو سراہا 

گوجرانوالہ+ کامونکی (نمائندہ خصوصی) مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے 846   بھارتی سکھ یاتریوں کی گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد بسوں کے ذریعے آمد ہوئی، اسسٹنٹ کمشنر صدر عثمان سکندر ہنجراء اور پولیس افسروں نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سکھ یاتریوں کے وفد نے گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ کیا اور مذہبی رسومات ادا کیں۔گوردوارہ ایمن آباد آمد پر سکھ یاتریوں کو ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی کی نمائندگی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صدر عثمان سکندر ہنجراء نے خوش آمدید کہا۔ سکھ یاتریوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت، ضلع کونسل، گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، محکمہ اوقاف اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے سکیورٹی، ابتدائی طبی، کھانے پینے اور صفائی ستھرائی سمیت تمام انتظامات پر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گوجرانوالہ ضلعی انتظامیہ اور تمام اداروں نے مل کر مثالی انتظامات کئے جس پر ہم حکومت پاکستان، وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ اور انکی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر عثمان سکندر نے ہیلتھ ڈیسک کا بھی معائنہ کیا جہاں شوگر، بلڈ پریشر، استھما سمیت دیگر امراض کی ابتدائی طبی امداد، جان بچانے کی ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنائی گئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن