سعودی حکومت نے حجاج کرام کے لئے مثالی اقدامات کئے: عبدالخبیر آزاد

Jun 15, 2024

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں جمعۃ المبارک کے عظیم اجتماع سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے امام الانبیاء  حضرت محمد مصطفیٰؐ  کو سارے جہانوں کیلئے رحمت بنا کرمبعوث فرمایا، خطبہ جحۃ الوداع تمام اسلامی تعلیمات کا نچوڑ اور تمام مسلمانان عالم کیلئے عظیم حیثیت رکھتا ہے، خطبہ حجۃ الوداع احترام انسانیت کا عظیم چارٹر ہے، آپؐ نے فرمایا اے لوگو میرے بعد کوئی نبی نہیں ہے اور تمہارے بعد کوئی اور نئی امت نہیں ہے، آپؐ نے فرمایا سب لوگ آدمؑ کی اولاد ہیں اور آدمؑ کو مٹی سے پیداکیا گیا، بے شک ہمارا رب ایک ہے اور بے شک تمہارا باپ ایک ہے، کسی عربی کو عجمی پر اور کسی عجمی کو عربی پر، سرخ کو سیاہ پر اور سیاہ کو سرخ پر کوئی فوقیت حاصل نہیں مگر تقوی کے سبب، آپؐ نے فرمایا اپنی عورتوں کے معاملے میں اللہ سے ڈرتے رہو اور غلاموں کا خیال رکھو، ہر مسلمان ایک دوسرے مسلمان کا بھائی ہے۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر دنیا بھر میں بھائی چارے اور غریب پروری کا فقید المثال مظاہر ہ دیکھنے کو ملتا ہے، قربانی کا بنیادی مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کو حاصل کرنے اور مستحق لوگوں کی مدد کا عظیم ذریعہ بننا ہے، عوام الناس اور صاحب استطاعت لوگوں کو چاہیے کہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، دین اسلام کی تکمیل کا اعلان حجۃ الوداع کے موقع پر ہوا اور حج ہی سے ارکان اسلام کی تکمیل ہوتی ہے، حکومت پاکستان وزارت مذہبی امور اور سعودی عرب حکومت کی طرف سے حجاج کرام کیلئے جو مثالی انتظامات کیے گئے ہیں جسے ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

مزیدخبریں