جب بھی پاکستان ٹیک آف کرتا ہے  خفیہ ہاتھ واپس کھینچ کر گرا دیتا ہے، اسحاق ڈار 

Jun 15, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کے اعزاز میں  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستان کی معیشت میں ابھرنے کی صلاحیت موجود ہے، تاجر برادری نے ہمیشہ چیلنجز کو قبول کیا ہے، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، میرا واحد ایجنڈا ہے کہ اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے، جب بھی پاکستان ٹیک آف کرتا ہے کوئی خفیہ ہاتھ واپس کھینچ کر گرا دیتا ہے۔ جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں  خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ آر سی سی آئی کے تاثرات، فیڈ بیک اور تجاویز وزیر اعظم شہباز شریف سے شیئر کریں گے اور تاجر برادری سے سفارشات لینے کے لیے وزیر خزانہ سے بھی بات کریں گے۔  انہوں نے بطور وزیر خزانہ نواز شریف حکومت کے دوران کاروباری مسائل اور پالیسی فیصلوں پر چیمبرز کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور مشاورت کو بھی یاد کیا۔ موجودہ شرح سود معاشی ترقی کے لیے ممکن نہیں ہے۔ یہ اب مہنگائی کے ساتھ نیچے آ رہی ہے۔ حکومت نے شرح سود اور مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ پر لانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ صدر چیمبر ثاقب رفیق، گروپ لیڈر سہیل الطاف اور تقریب کے چیئرمین عثمان شوکت سمیت مقررین نے تقریب میں تاجر برادری کو درپیش مسائل، ٹیکس کے اقدامات اور بجٹ 2024 میں اعلان کردہ نئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ آر سی سی آئی کے صدر ثاقب رفیق نے  کہا کہ ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آر سی سی آئی کی ممبرز نائٹ اپنے ممبران کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔ 

مزیدخبریں