کلر سیداں (نامہ نگار)پی ٹی آئی کلرسیداں کے سینئر رہنما عاقب علی نے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کے سہارے پر اقتدار میں آنے والوں نے اپنی مراعات شاہانہ اخراجات میں بھاری اضافے کے بعد عام لوگوں کے لیئے ماچس کی ڈبیا سے لے کر ادویات گاڑیوں موبائل زرعی آلات، ٹریکٹر سمیت ہر چیز مہنگی کردی ،چینی،بچوں کے دودھ پر بھی ٹیکس لگایا دیا گیا،تنخواہ دار طبقے کی تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ ہی ان پر مزید ٹیکس لگا دیئے گئے۔ حکومت کے اپنے اخراجات اور عیاشیوں کیلئے مزید فنڈ رکھے مگر عوام کو مزید ٹینشن کے ذریعے ان کا جینا مشکل کر دیا۔انہوں نے کہا کہ فارم 47 والے جعلی حکمرانوں کو عوام نے مینڈیٹ ہی نہیں دیا فارم 47 زدہ جعلی ارکان عوام کا کیس لڑ ہی نہیں سکتے کیونکہ یہ عوام کو جواب دہ ہی نہیں۔ عوام کو تو وہ جواب دے گا جو عوام کے ووٹوں سے آیا ہو یہ تو زبردستی بیٹھے ہوئے ہیں۔فارم 47 زدہ لوگ تو عوام کا سامنہ تک نہیں کر سکتے، آج اگر عوام کے ووٹوں سے منتخب شدہ حقیقی عوامی نمائندے اسمبلی میں ہوتے تو آئی ایم ایف سے عوام کی بات بھی کرتے اور عوام کو تکلیف دینے کے بجائے ریلیف دیتے۔انہوں نے بجٹ کوعوام دشمن،کسان دشمن، مڈل کلاس دشمن قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔