لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارت کے سابق فاسٹ بائولر سری سانتھ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کی جگہ امریکہ کو دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔ سری سانتھ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنے پورے نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے جس کی نشاندہی وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے کرکٹ لیجنڈز نے بھی کی تھی۔ مجھے نہیں لگتا پاکستان وہ چیزیں کررہا ہے جو اسے کرنی چاہئیں، وہ اپنی ڈومیسٹک لیگز پر توجہ نہیں دیتے، ان کے تمام لیجنڈز، جیسے وسیم بھائی اور وقار یونس کہتے ہیں کہ انہیں پورے نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ میں پاکستان کو اگلے ورلڈکپ کیلئے صرف یہی کہوں گا کہ اگر وہ اب بھی ورلڈکپ کا حصہ بنے رہتے ہیں تو یہ ایک معجزہ ہوگا، مجھے نہیں لگتا کہ یہ آسان ہوگا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے بارے میں ایک بات یہ ہے کہ ہر ٹیم پیپر پر مضبوط نظر آتی ہے، اگر ہم منصوبہ بندی اور عملدرآمد کی بات کریں تو امریکی ٹیم گزشتہ دو سال میں اپنی منصوبہ بندی اور اس پر عملدرآمد کی وجہ سے اچھی رہی اور اس نے سخت محنت کی۔ میں چاہتا ہوں امریکی ٹیم سپر 8میں کھیلے کیونکہ وہ اس کے مستحق ہیں، انہوں نے سپر 8کا حصہ بننے کیلئے کافی سے زیادہ محنت کی ہے۔