اسلام آباد(وقائع نگار )چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان کی جانب سے سرگودھا کے ریجنل الیکشن کمشنر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے نئے تعمیر شدہ دفاتر کا افتتاح کردیا چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان سکندر سلطان راجہ نے آج سرگودھا میں ریجنل الیکشن کمشنر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے نئے تعمیر شدہ دفاتر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ جو کہ ایک سال آٹھ ماہ میں (مقررہ مدت سے چار ماہ قبل)مکمل کیے گئے.افتتاحی تقریب میں چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان نے نئے دفاتر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، "یہ دفاتر نہ صرف الیکشن کے عمل کو مزید شفاف اور منظم بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ عوام کو بھی بہتر خدمات فراہم کرنے میں معاون ہوں گے۔" انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام عوام کے اعتماد کو بڑھانے اور انتخابات کے عمل کو بہتر بنانے کی ہماری کوششوں کا حصہ ہے۔تقریب میں ریجنل الیکشن کمشنر سرگودھا ڈویڑن ابرار احمد جتوئی، ڈسٹرکٹ الکشن کمشنرسرگودھا غلام عباس، الیکشن آفیسرز عدنان اقبال اعوان، محمد علی رانا، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاونٹس شہر یار شاکر۔ پاک پی دبلیو ڈی کے عہدیداران چیف انجینئرانوارالحق ڈوگر، ایس ای شعیب سلیم، ایکس ای این محمد عدنان،زاہد کامران، ایس ڈی او احمد نبیل، اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ریجنل اور ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ "ہماری ٹیم جدید ٹیکنالوجی اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کے ساتھ عوامی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔"نئے دفاتر میں جدید انفراسٹرکچر، اعلیٰ معیار کے کمیونیکیشن سسٹمز اور بہترین فائل مینجمنٹ سسٹم شامل ہیں جو الیکشن کے تمام مراحل کو زیادہ آسان اور مؤثر بنائیں گے۔ اس کے علاوہ، دفاتر میں عوامی سہولت کے لیے خصوصی کاؤنٹرز اور استقبالیہ بھی بنائے گئے ہیں جہاں عوام اپنی شکایات اور مسائل کا فوری حل تلاش کر سکیں گے۔الیکشن کمیشن پاکستان کا یہ اقدام اس بات کا عکاس ہے کہ وہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدرانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور عوام کی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔
چیف الیکشن کمشنرکا سرگودھا کے ریجنل الیکشن کمشنر ‘ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر دفاتر کا افتتاح
Jun 15, 2024