مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 25 ملین ڈالر کے قرض معاہدے پر دستخط

Jun 15, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزارت اقتصادی امور اور واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 25 ملین ڈالرز کے ذیلی قرض کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے پر وزارت اقتصادی امور میں دستخط کیے گئے۔ سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے وزارت کی جانب سے دستخط کیے جبکہ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے واپڈا کی نمائندگی کی۔ یہ اہم فنانسنگ مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی معاونت کے لئے کویت فنڈ کے کل 100 ملین ڈالر زکی فراہمی کے عزم کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے۔ کل فنانسنگ چار مساوی قرضوں کے ذریعے دی جائے گی، ہر ایک کی رقم 25 ملین امریکی ڈالر ہوگی۔ قرض کا پہلا معاہدہ حکومت پاکستان اور کویت فنڈ کے درمیان 3 جون 2024 کو کویت میں ہوا۔ مہمند ڈیم تعمیراتی ڈھانچے کا ایک جامع منصوبہ ہے جو متعدد ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بنایا گیا ہے۔ اس کا مقصد 800 میگاواٹ کی صلاحیت کے ساتھ سالانہ تقریباً 2,862 (جی ڈبلیو ایچ) بجلی پیدا کرنا ہے جس سے توانائی کی سپلائی کے موجودہ فرق کو نمایاں طور پر کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈیم تقریباً 1,594 ملین کیوبک میٹر کی گنجائش کا حامل فعال ذخیرہ ہوگا۔

مزیدخبریں