لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بائولر وسیم اکرم کے کروڑوں مداح دنیا بھر میں موجود ہیں ایک پرستار نے ان سے آٹوگراف لے کر ڈالر کو یادگار بنا لیا۔ نیویارک میں ان کے مداحوں نے لیجنڈری فاسٹ بائولر کو میدان میں اپنے قریب دیکھ کر پرجوش انداز میں انہیں آواز دینا شروع کر دی۔وسیم اکرم نے بھی اپنے مداحوں کی محبت کا جواب بھرپور محبت سے دیا اور 58 سال کی عمر میں بھی انتہائی فٹ سابق کپتان سٹینڈ کے آگے لگی جالی پھلانگ کر اپنے پرستاروں تک پہنچ گئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔وسیم اکرم کے چاہنے والوں کی خوشی دیدنی تھی۔ ہر ایک کی خواہش تھی کہ وہ لیجنڈری فاسٹ بائولر کے ساتھ سیلفی بنوائے اور آٹوگراف لے۔وسیم اکرم نے مداحوں کو مایوس نہیں کیا اور خوش دلی کیساتھ ہر ایک کیساتھ سیلفی اور تصاویر بنوائیں جبکہ آٹوگراف بھی دیئے۔ ایک مداح نے آٹوگراف بک نہ ہونے پر جیب سے امریکی ڈالر نکالا اور اس پر فاسٹ بائولر کا آٹوگراف لے کر یادگار بنا لیا۔