جاپان، فوکوشیما کے ایٹمی بجلی گھر میں تیسرے دھماکے کے بعد تابکار شعاعوں کے اخرج میں تیزی، اثرات دارالحکومت ٹوکیو میں بھی محسوس کیے جارہے ہیں۔

Mar 15, 2011 | 13:23

سفیر یاؤ جنگ
فوکوشیما کے جوہری بجلی گھر کے ری ایکٹر نمبر دو میں منگل کی صبح ایک اور دھماکہ ہوا ۔ گزشتہ چار دنوں میں فوکوشیما کے جوہری بجلی گھر میں ہونے والا یہ تیسرا دھماکہ ہے۔ دھماکے سے پلانٹ کے نزدیک تابکاری کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ دوسری جانب چوتھے ایٹمی ری ایکٹر میں آتشزدگی نے صورتحال کو مزید خراب کردیا ہے۔ تابکار شعاعیں ہوا کے ساتھ سفر کرتی ہوئی دارالحکومت ٹوکیو تک پہنچ گئی ہیں جہاں گردونواح میں دوسو ستر کلومیٹر تک کے علاقے میں اسے محسوس کیا جاسکتا ہے۔ حکام کے مطابق صرف ٹوکیو میں لاکھوں افراد کے تابکاری سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو تابکاری سے بچاؤ کے پیشِ نظر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے جبکہ ایک لاکھ چالیس ہزار لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لوگوں پر ریڈی ایشن کے اثرات کو جانچنے کے لیے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں اور ادویات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ بڑھتی ہوئے تابکاری پر قابو پانے کے لیے جاپان نے امریکہ میں جوہری ریگولیٹرز اور آئی اے ای اے سے مدد مانگ لی ہے۔ امریکہ، روس اور برطانیہ کے بعد چین کی جانب سےریسکیو ٹیمیں اور امدادی سامان ٹوکیو پہنچ گیا ہے۔ تاہم بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی وجہ سے پناہ گاہوں میں جگہ کم پڑ گئی ہے اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب جاپان کی سٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکارہے آج ٹریڈنگ میں نوفیصد سے زائد کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد دوروز میں سترہ فیصد سے زائد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
مزیدخبریں