تباہ کن زلزلے کے بعد جاپان میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آج اعشاریہ چھ کی شدت سے آنے والے زلزلے نے پورے ملک کو ایک بار پھر ہلا کر رکھ دیا ۔ ادھرعالمی ایٹمی توانائی ایجنسی بیان کے مطابق جاپان میںجوہری فضلے کے ذخیرے میں لگی آگ پر قابو پالیا گیاہے۔ تاہم علاقے میں تابکاری کی سطح سو فیصد بڑھ گئی ہےجبکہ روس نے کہاہے کہ مشرق بعید میں تابکاری کی سطح میں واضح اضافہ ہواہے۔اس سے پہلے جب فوکوشیما ایٹمی پلانٹ میں آگ لگی تو درالحکومت ٹوکیو سمیت جاپان کے کئی شہروں میں افرتفری پھیل گئی۔ سیکڑوں لوگ گھر خالی کرکے محفوظ مقامات پر چلے گئے جبکہ بقیہ لوگوں نےخوراک اور دیگر سامان ذخیرہ کرنا شروع کردیا۔ جس کے بعد شہر کے سپر مارکیٹوں اور اسٹوروں سے خوراک کی چیزیں ختم ہوگئیں۔ دوسری جانب تابکاری کے باعث غیر ملکی شہریوں کا جاپان سے انخلا جاری ہے۔ جبکہ فرانس، جرمنی اور بھارت سمیت کئی ممالک نےحفاظتی اقدامات پر غور شروع کردیاہے۔ٹوکیو میں ایٹمی توانائی کے ذخائر میں آگ اور تابکارشعاوں کے بعد فرانس نے اپنے تمام ایٹمی ری ایکٹرز پر حفاظتی اقدامات پر نظرثانی شروع کردی ہے۔ امریکہ نےبھی ایٹمی پلانٹس کو قدرتی آفات سے محفوظ بنانے کی پالیسی کی نئے سرے سے تیاری شروع کر دی ہے۔